• news

وزیر اوقاف کی کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر احکامات جاری

 لاہور(خصوصی نامہ نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر نگران وزیر اوقاف و مذہبی امور، زکوۃ و عشر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے سول سیکرٹریٹ میں اپنے آفس میں کھلی کچہری لگا کر اوقاف اور زکوۃ کے محکموں سے متعلق شکایات سنیں اور موقع پر احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، ایڈمنسٹریٹر زکوۃ و عشر پنجاب رانا محمد سجاد بابر بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری میں خواتین سمیت متعدد شہریوں نے صوبائی وزیر کو درخواستیں پیش کیں۔ بیرسٹر سید اظفر علی بخاری نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا ہے جو آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ہر ہفتے کھلی کچہری کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔ کھلی کچہری کے دوران داتا دربار میں حفاظتِ پاپوش پر متعین اہلکاروں کی مبینہ اوورچارجنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر نے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کو کارروائی کی ہدایت کی۔ سیکرٹری اوقاف نے واضح کیا کہ اگر اہلکار مقررہ ریٹ سے زیادہ وصولی کا مرتکب پایا گیا تو ایف آئی آر درج ہوگی۔ 

ای پیپر-دی نیشن