• news

الیکشن کمشن آئینی ادارہ ،انتخابات کو یقینی بنائے:ہمایوں اخترخان

لاہور(نیوزرپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمشن کو کوئی نیاجواز تلاش کرنے کی بجائے پنجاب میں انتخابات کیلئے عملی پیشرفت کرنی چاہیے۔ معزز عدالت کے حکم سے پہلے صدر مملکت بھی خط لکھ کر الیکشن کمشن کو اپنی آئینی ذمہ داریوں کی یاددہانی کرا چکے ہیں۔ الیکشن کمشن ایک آئینی ادارہ ہے اس لئے اسے آئین کی پاسداری کرتے ہوئے 90 روز میں انتخابات کو یقینی بنانا چاہیے۔ عوام صرف پنجاب یا خیبرپی کے نہیں بلکہ پورے ملک میں بیک وقت عام انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے زمان پارک میں عمران خان کی حفاظت کیلئے لگائے گئے کیمپ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ معیشت کے نازک حالات یہ آگاہی دے رہے ہیں کہ انتخابات کے انعقاد میں جتنی تاخیر ہو گی مشکلات اتنی ہی بڑھتی جائیں گی۔ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک میں عدم اعتماد اور ہیجان کی کیفیت ہے جس کے معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ معیشت کو مزید نقصان سے بچانے ، درپیش تمام مسائل کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن