کھلاڑیوں کا ایس ایس یو کا دورہ، فائرنگ رینج میں شوٹنگ کی عملی مشق
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کی مختلف ٹیموں کے 20 کھلاڑیوں کے وفد نے سپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا اور یونٹ میں برقرار رکھے جانے والے پیشہ ورانہ معیار کو سراہا۔وفد میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے ملکی کھلاڑیوں کے علاوہ غیر ملکی کھلاڑی مارٹن گپٹل، جوہان بوتھا اور بین کٹنگ بھی شامل تھے۔دورہ کرنے والے دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں عمر گل، سعید اجمل، فہیم اشرف، عمر اکمل، حیدر علی، محمد حارث، دانش عزیز، رومان رئیس اور ابرار احمد شامل تھے۔ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے کھلاڑیوں کو ہیڈکوارٹرز آمد پر خوش آمدید کہا اور ان سے ملاقات کی۔ڈی آئی جی سکیورٹی نے کھلاڑیوں کو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے دی گئی قربانیوں اور اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔کھلاڑیوں نے سپیشل سکیورٹی یونٹ کی انڈور فائرنگ رینج میں شوٹنگ کی عملی مشق بھی کی۔بعد ازاں ٹیم کے نمائندوں نے ڈی آئی جی سکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کو اپنی ٹیم کی شرٹ بطور سوونیئر پیش کی۔ ڈی آئی جی نے بھی کھلاڑیوں کو اعزازی شیلڈز اور سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحفے دیئے۔