پاکستان امریکہ دفاعی مذاکرات کا دوسرا دور آج سے واشنگٹن میں شروع ہوگا
اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان اور امریکہ کے درمیان دفاعی مذاکرات کا دوسرا دور آج سے 16 فروری تک واشنگٹن ڈی سی میں ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے درمیان دفاعی مذاکرات جاری ہیں۔ پاک امریکہ مڈ لیول دفاعی مذاکرات 13 سے 16 فروری تک واشنگٹن ڈی سی میں ہوں گے۔ ان مذاکرات کا پہلا دور جنوری 2021 میں پاکستان میں منعقد ہوا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی طرف سے انٹر ایجنسی وفد کی قیادت چیف آف جنرل سٹاف کریں گے۔ وفد میں وزارت خارجہ، جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز اور تینوں مسلح افواج ہیڈ کوارٹرز کے حکام شامل ہیں۔ امریکی ٹیم کی نمائندگی انڈر سیکرٹری ڈیفنس آفس کرے گا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ مذاکرات میں دفاعی اور سکیورٹی تعاون کے امور زیر بحث آئیں گے۔