آئی ایم ایف نے ملک چلانا ہے تو نااہل ٹولہ حکومت چھوڑ دے:ضیاء الدین انصاری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے قوم پر بجلی بم گرانے کے منصوبے کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف نے ملک چلانا ہے تو نااہل حکمرانوں کا ٹولہ حکومت چھوڑ دے۔ آئی ایم ایف کے غلام اورظالم حکمران مہنگائی کے ذریعے عوام کے خون کاآخری قطرہ بھی نچوڑ لینا چاہتے ہیں۔ 170 ارب کے ٹیکسز،منی بجٹ اور اداروں کی نجکاری کیخلاف پوری قوم کو منظم کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف عوام کے ریلیف کیلئے اپنے کپڑے بیچنے کی بات کیا کرتے تھے اورآج پورا ملک آئی ایم ایف کو بیچنے پر تل گئے ہیں جو ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے۔سابقہ اور موجودہ کرپٹ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی جہنم بن گئی ہے۔ عوام نے ملک کی تینوں بڑی پارٹیوں کو آزما لیا سب ملک و قوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ اب قوم جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دے کیونکہ جماعت اسلامی ہی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے۔ان خیالا ت کا اظہا رانہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور بھر کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع ارکان سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم، محمد جاوید قصوری نے بھی خصوصی شرکت و خطاب کیا۔ خالد احمد بٹ، ذکر اللہ مجاہد،انجینئر اخلا ق احمد، شاہد اسلم، حاجی ریاض الحسن،عامر نثار خان، وسیم اسلم ، مرزا عبدالرشید، عبدالعریز عابد، ڈاکٹر محمود خان، اظہر بلال، مرزا شعیب یعقوب،سیف الرحمن سمیت لاہور بھر سے امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران اور ہر سطح کے ذمہ داران نے شرکت کی۔