• news

حضرت علیؓ کی شرعی محبت جنت کا راستہ ہے:اشرف آصف جلالی 


لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ ؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے سیدنا شاہ جلال ریسرچ سینٹر تاج باغ لاہور میں ’’محبت حضرت مولا علی المرتضیٰؓ  کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خلیفہ چہارم حضرت مولا علیؓ کی شرعی محبت جنت کا راستہ ہے۔ حضرت مولا علیؓ کا بغض اور آ پؓ کی غیر شرعی محبت دونوں ہی جہنم کا باعث ہیں۔ آپ ؓ کی شرعی محبت یہ ہے کہ جو شانیں آپؓ  کو اللہ تعالیٰ نے دی ہیں ان کا صدقِ دل سے اعتراف کیا جائے اور انہیں بیان کر کے آپؓ سے محبت کا اظہار کیا جائے مگر ایسی محبت نہ کی جائے کہ جس کے نتیجے میں قرآن و سنت کی مخالفت لازم آتی ہو جو مقامات اللہ تعالیٰ نے آپ کو نہیں دئیے، آپؓ کیلئے وہ مقامات مان کر شریعت کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔ ایسی محبت سے نہ تو حضرت مولا علیؓ راضی ہیں اور نہ ہی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ؐ راضی ہیں۔ حضرت علیؓ کی شرعی محبت یہ ہے کہ بیک وقت وہ محبت خلفائے ثلاثہ یعنی حضرت ابو بکر صدیق، حضرت عمر فاروق، حضرت عثمان غنی ؓ کی محبت کے ساتھ جمع ہو سکے۔ اگر حضرت علیؓ سے تو محبت کا دعویٰ ہو، مگر خلفائے ثلاثہ ؓ سے بغض ہو تو یہ غیر شرعی محبت ہے۔ کانفرنس میں علامہ محمد اسلم بریلوی، قاری محمد زاہد جلالی، محمد عمیر محمود جلالی، میاں محمد شفیع جلالی، علامہ محمد زاہد جلالی، علامہ محمد طاہر عباس جلالی، علامہ محمد ساجد جلالی و دیگر نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن