• news

عمران خان کی قیادت میں جلد حقیقی آزادی حاصل کر یں گے:شوکت بھٹی

حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے سابق رُکن قومی اسمبلی چودھری شوکت علی بھٹی نے کہا ہے کہ عمران خان کی حقیقی آزادی کی تحریک عروج کی بلندیوں کو چھو رہی ہے جس سے امپورٹڈ حکمران خوفزدہ ہو کر سیاسی انتقام پر اُتر آئے ،وہ جتنی مرضی انتقامی کارروائیاں کر لیں عوام بیدار ہو چکے اور حقیقی آزادی کی جدو جہد میں عمران کے شانہ بشانہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا اور کہا عمران خان ہماری نسلوں کو فکری اور ذہنی طور مکمل آزاد اور خودمختار بنانے اور دنیا میں پاکستان کی عزت اور وقار کو دوبارہ بحال کرنے کی جنگ لڑ رہے ہیں اور بہت جلدعمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ا نہوں نے کہا حکمران ٹولے کا کام صرف اپنے کیسز ختم کرانا ہے ، غریب عوام کی اسے کوئی فکر نہیں کیونکہ یہ عوامی لوگ ہی نہیں ۔پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں ترسیلات زر اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا جس سے ملکی معیشت کو استحکام ملا ۔ کنونشن سے سابق رُکن صوبائی اسمبلی اسد اللہ آرائیں و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن