• news

عامر کیلئے دروازے کھلے! عماد، شرجیل کی خدمات کا سوچ رہے ہیں: چیف سلیکٹر


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ چیف سلیکٹر سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ فاسٹ بائولر محمد عامر کیلئے ٹیم کے دورازے کھلے ہوئے ہیں البتہ عماد اور شرجیل کی خدمات کے حاصل کرنے پر بھی سوچ رہے ہیں۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کیلئے مضبوط سکواڈ تشکیل دینا چاہتے ہیں، اس لیے کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل 8 میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز پر نظر رکھوں۔ لیگ میں قومی سلیکٹرز یاسرحمید، محمد سمیع اور میری کافی اہم ذمہ داریاں ہیں، پی ایس ایل اچھے کھلاڑیوں کو سامنے لانے کا بہترین ذریعہ ہے،ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کیلئے بہترین موقع ہے کہ وہ لیگ میں اچھی سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے پاکستان کرکٹ ٹیم میں اپنی جگہ بنائیں۔ مستقبل میں پاکستان کے افغانستان اور نیوزی لینڈ کیخلاف مقابلے بھی قومی ٹیم کی بہتری کا سبب بنیں گے، 25 سے 30 کھلاڑیوں کا قومی پول بنانا چاہتے ہیں تاکہ ٹیم کیساتھ ساتھ بینچ بھی مضبوط ہو۔کامران اکمل کے حوالے سے کہا کہ پی ایس ایل میں نجی ٹی وی چینل سے معاہدہ کی وجہ سے عہدے سے مستعفی ہوئے، انہوں نے مشاورت کے بعد دستبرداری کا فیصلہ کیا، پی ایس ایل کے اختتام پر دوبارہ بات کرنے کا سوچیں گے۔ بلاشبہ فاسٹ بائولر محمد عامر بہت باصلاحیت ہیں لیکن گیند اب ہمارے کورٹ میں نہیں، وہ پرفارم کریں اور پلئینگ الیون کا حصہ بنیں، عماد وسیم اور شرجیل خان کی خدمات کے حاصل کرنے پر بھی سوچ رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن