الیکشن تاریخ کا اعلان نہ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر
لاہور (سپیشل رپورٹر) عدالتی احکامات کے باوجود پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان نہ کرنے پر شہری نے لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔ شہری منیر احمد نے اپنے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے جس میں گورنر پنجاب ، الیکشن کمشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ عدالت نے الیکشن کمشن کو گورنر پنجاب سے مشاورت کے بعد فوری انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دیا تھا لیکن الیکشن کمشن نے عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا ہے۔ درخواست میں یہ نشاندہی کی گئی کہ کل رات کے بعد اب صرف ساٹھ دن باقی رہ گئے ہیں اور اس میں تاریخ کے اعلان میں مزید تاخیر نہیں کی جا سکتی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق اسمبلی کی تحلیل کے 90 روز کے اندر الیکشن ہونے ہیں جبکہ اسمبلی تحلیل کو 30 روز گزر چکے ہیں اور اب 60 روز باقی ہیں درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے سات روز کے اندر شیڈول جاری کرنا ہوتا ہے۔ درخواست میں قانونی نکتہ اٹھایا گیا کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، اس لیے عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔