• news

گندم کی کمی نہیں،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے:وزیراعظم


اسلام آباد (اے پی پی+نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی اشیاءضروریہ کی بلا تعطل اور کم قیمت میں فراہمی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اولین ذمہ داری ہے، ملک میں گندم سمیت دیگر بنیادی اشیاءخور و نوش کی کوئی قلت نہیں، بنیادی اشیاءکی درآمد میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے اپنی زیر صدارت بنیادی اشیاءخور و نوش کی دستیابی اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس میں کیا۔ وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی اور اشیاءضروریہ کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں کو اشیاءضروریہ کی سپلائی چین برقرار رکھنے کے حوالے سے روابط اور ہم آہنگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بنیادی ضرورت کی اشیاءکی درآمد میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔ وزیراعظم نے سپلائی چین کو موثر بنانے اور قیمتوں میں بہتری لانے کے حوالے سے خصوصی کمیٹیز قائم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ رمضان کے دوران کھانے پینے کی اشیاءکی سستے داموں فراہمی اور سستے رمضان بازاروں کے حوالے سے تمام صوبے اور انتظامی یونٹس اگلے جائزہ اجلاس میں ٹھوس حکمت عملی پیش کریں۔ رمضان بازاروں میں قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں سکیورٹی کے خاطر خواہ اقدامات ہونے چاہئیں۔ وزیراعظم نے خصوصی ہدایت جاری کی کہ ایسی اشیاءجن کا استعمال رمضان کے دوران بڑھ جاتا ہے ان کی آسان اور سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے بڑی آبادی والے شہروں میں رمضان بازاروں کی تعداد بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم، دالوں، خوردنی تیل سمیت دیگر اشیاءکی ترسیل کے لئے مناسب اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صارفین کو بنیادی اشیاءخور و نوش کی سستے داموں ترسیل کے حوالے سے کچھ صوبوں میں موبائل فون ایپلی کیشنز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلہ سے ہونے والی تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ترک بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سردی سے بچاﺅ کیلئے خیمے، کمبل، گرم کپڑے، اور دیگر اشیاءضروریہ پہنچائی جا رہی ہیں، ترک بھائیوں کی مدد میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ترکیہ کے سفارتخانہ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر سے تباہ کن زلزلہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ زلزلہ کے باعث قیمتوں کے جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا، ہولناک زلزلہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستانی قوم افسردہ ہے، ہماری تمام تر ہمدردیاں ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ ترک بھائیوں کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان سے امدادی سامان ترکیہ بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے، زلزلہ متاثرین کی بحالی تک ترک بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، ترک بھائیوں کی مدد میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ترکیہ میں حالیہ زلزلہ کے نتیجہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا ہے، ترک بھائیوں کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ ایک ٹویٹ میں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی اپنے احمقانہ اور مضحکہ خیز طرز عمل سے قوم کو مسلسل مایوس کر رہے ہیں ان کی جھوٹ کی سیاست دن بدن بے نقاب ہوتی جا رہی۔ عمران خان کی سیاست میں جو واحد چیز رہ گئی ہے وہ یہ ہے کہ وہ کسی بھی طرح اقتدار واپس حاصل کرنے کے خواہاں ہیں خواہ اس کیلئے ملک ایک لمبے عرصہ کیلئے عدم استحکام کا شکار ہی کیوں نہ ہو جائے۔
شہبازشریف 

ای پیپر-دی نیشن