بھاشا ڈیم کی تعمیر جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد سے ہی ممکن:رانا ثنا
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ یہ منصوبہ چلاس سے 40 کلومیٹر زیریں جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) اور نیشنل کوآرڈی نیٹر نیکٹا محمد طاہر رائے بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔ دورے کا مقصد قومی ترقی کے لئے انتہائی اہم اس زیر تعمیر منصوبے پر سکیورٹی کے مجموعی اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت پراجیکٹ سائٹ پر اجلاس کے دوران انہیں پراجیکٹ ایریا میں تعمیراتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے سکیورٹی کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی شیڈول کے مطابق تکمیل پراجیکٹ ایریا میں ایک محفوظ اور سازگار ماحول سے براہ راست وابستہ ہے، جسے جامع اور مربوط سکیورٹی پلان پر عملدرآمد سے ہی ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ وزیر داخلہ نے تعمیراتی کام اور سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل کے لئے 2029ء کا ہدف مقرر ہے۔ اس ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 8.1 ملین ایکڑ فٹ ہوگی، جس سے 1.23 ملین ایکڑ زمین زیر کاشت آئے گی۔ منصوبے کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 500 میگاواٹ ہے اور نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاً 18 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی فراہم کرے گا۔
وزیر داخلہ دورہ