خاتون جج کو دھمکی کیس‘ عمران کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا مسترد
اسلام آباد (وقائع نگار) سینئر سول جج مجاہد رحیم نے خاتون جج کو دھمکی کیس میں عمران خان کی طبی بنیاد پر حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پراسیکیوشن کی جانب سے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ سپیشل پراسیکیوٹر نے عمران کی عدم پیشی پر ضمانتی مچلکے منسوخ کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کے وکیل 12 بجے پیش ہوں گے۔ اس وقت دیکھیں گے اور عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا، بعدازاں عمران خان نے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہاکہ8فروری کی فریش میڈیکل رپورٹ درخواست کے ساتھ منسلک کی گئی ہے، عمران خان کی صحت اجازت نہیں دے رہی کہ وہ اسلام آباد آئیں، عمران خان سیڑھیاں نہیں چڑھ سکتے، پراسیکیوٹر نے عمران کی حاضری سے استثنا کی درخواست پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہاکہ اپنے ہی ہسپتال کی میڈیکل رپورٹ لگا کر عمران خان پیش نہیں ہو رہے، شوکت خانم ہسپتال تو کینسر ہسپتال ہے۔ عمران خان کا مسئلہ الگ ہے، عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرنے کا حکم سناتے ہوئے سپیشل پراسیکیوٹر کی جانب سے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی اور سماعت 9 مارچ تک کیلئے ملتوی کر دی۔