• news

پنجاب انتخابات الیکشن کمشن نے مشاورت کیلئے ،گورنر سے آج وقت مانگ لیا


اسلام آباد+لاہور (خصوصی نامہ نگار‘نیوز رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت گزشتہ روز اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں عام انتخابات پر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے غور کیا گیا۔ الیکشن کمشن نے گورنر پنجاب سے مشاورت کیلئے آج مناسب وقت طلب کر لیا ہے۔ دوسری طرف گورنر پنجاب نے بھی آج مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ دوسری طرف الیکشن کمشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمشن  کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمشن اور الیکشن کمشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عدالت عالیہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلہ 10فروری 2023ء کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پر عملدآمد پر غور کیا گیا۔ الیکشن کمشن نے معزز عدالت کے حکم کے مطابق گورنر پنجاب  سے درخواست کی ہے کہ صوبہ میں جنرل انتخابات صوبائی اسمبلی پنجاب کی تاریخ سے متعلق مشاورت کے لئے 14 فروری 2023ء کو میٹنگ کے لئے مناسب وقت دیں۔ اس سلسلے میں ضروری مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اور الیکشن کمشن نے سیکرٹری الیکشن کمشن کی سربراہی میں سپیشل سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل ( لائ) کو مقرر کیا ہے کہ وہ الیکشن کمشن کی طرف سے گورنر سے مشاورت کریں اور الیکشن کمشن کو بریف کریں تاکہ الیکشن کمشن آئندہ  کے لائحہ عمل پر غور کرے۔ دوسری طرف گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے صوبہ میں الیکشن کیلئے مشاورتی اجلاس آج 14 فروری کو گورنر ہائوس میں بلایا ہے۔  اجلاس لاہور ہائیکورٹ کے آرڈر کی روشنی میں الیکشن کی تاریخ دینے سے متعلق طلب کیا گیا ہے۔ گورنر ہائوس میں بلائے گئے اہم مشاورتی اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب‘ آئی جی پنجاب اور دیگر افسر بھی شرکت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن