ویلنٹائن ڈے عریانی، فحاشی ، بے حیائی کی ایک یلغار ہے:اشرف آصف جلالی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاہے کہ ویلنٹائن ڈے عریانی، فحاشی اور بے حیائی کی ایک یلغار ہے۔ مخربِ اخلاق ہونے کی وجہ سے اس پر پابندی لگائی جائے۔ اسلام میں غیر مسلموں کے تہوار منانے یا ان میں شرکت کی ہر گز کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اسلام دشمن قوتوں نے مسلم معاشرے سے اخلاقی اور روحانی اقدار کو تباہ کرنے کیلئے ویلنٹائنز ڈے جیسے منصوبے لانچ کیے ہیں۔ جس سوسائٹی میں نفسانی خواہشات اور شہوات کیلئے حدود و قیود نہ ہوں، وہاں شیطان پوری طرح مسلط ہو جاتا ہے۔ جس معاشرے میں رشتہ ازدواج اور نکاح مسنون کے بغیر مرد و زن کے تعلقات استوار ہو جائیں۔ وہ آتش فشاں بن جاتا ہے۔ ویلنٹائن ڈے اور بسنت جیسے تہوار مسلم معاشرے پر بدی کی یلغار ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے ذریعے شرم و حیاء اور حجاب شرعی کے تقاضوں کو اجاگر کیا جائے۔ ان دونوں تہواروں کے غیر اسلامی ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں اور بھی بہت سی قباحتیں اور خرابیاں موجود ہیں۔ اسلام فحاشی کے ہر کام اور فحاشی کا باعث بننے والے ہر عمل سے سختی سے منع کرتا ہے۔