پاکستان بار کونسل کی قرآن پاک کی بے حرمتی کے مبینہ ملزم کے سرعام قتل کی مذمت
اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان بار کونسل نے صوبہ پنجاب کے تھانہ ننکانہ صاحب میں زیر حراست ،قرآن پاک کی بے حرمتی کے مبینہ ملزم محمد وارث کو زبردستی چھڑوا کر اسے سرعام قتل کردینے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کرنے انہیں منطقی انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے ،پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ،ہارون الرشید ایڈوکیٹ اورایگزیکیٹو کمیٹی کے چیئرمین ،حسن رضا پاشا ایڈوکیٹ نے مشترکہ بیان میں اس واقعہ کو پنجاب پولیس کی غفلت ولاپرواہی اور نالائقی قرار دیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے فوری طور پر تحقیقات کروا کرواقعہ کے ذمہ داران اور غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کا تعین کرکے انکے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ،دونوں راہنمائوںنے کہا ہے کہ حکومت آئین کے آرٹیکل 9کے تحت شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے ، کسی کو بھی قانو ن کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجات نہ دی جائے ،اگر کوئی کسی قسم کے جرم کا ارتکاب کرتا ہے تو قانون نافذ کرنے والے متعلقہ ادارے کو آگاہ کرکے ہی اسے قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے ۔