• news

پنجاب کانسٹیبلری میں پوسٹنگ کو فیلڈ پوسٹنگ کا درجہ دینے کی منظوری 

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔ پولیس ایگزیکٹو بورڈ میں پنجاب کانسٹیبلری میں پوسٹنگ کو فیلڈ پوسٹنگ کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ جو بھی افسر یا اہلکار ڈیپوٹیشن پر پنجاب کانسٹیبلری میں جائیگا اس دورانئے کو فیلڈ سروس تصور کیا جائیگا۔ اجلاس میں افسران و ہلکاروں کو ملنے والی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کیلئے مقررہ وقت کو ایک ماہ سے 3 ماہ کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ اس سلسلے میں اپیل دائر کرنے کا وقت شوکار نوٹس پر ملنے والی سزا کی اطلاع متعلقہ پولیس ملازم کو موصول ہونے کے وقت سے شروع ہوگا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے سزاؤں کے ساتھ سی سی ون، ٹو اور تھری کی ویٹج کو بھی بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔جلاس میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں ڈی ایس پیز کی تعیناتی کا معاملہ زیر بحث آیا ۔ پولیس ایگزیکٹو بورڈ نے سی ٹی ڈی میں ڈی ایس پیز کی تعیناتی کیلئے 55برس کی حد مقرر کرنے کی منظوری دی جبکہ تعیناتی دو برس کی مدت کیلئے کی جائیگی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ 55برس سے زائد العمرڈی ایس پی کی تعیناتی ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی منظوری سے مشروط ہوگی جبکہ سی ٹی ڈی میں ڈی ایس پیز کی تعیناتی کیلئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کا این اوسی بھی لازمی ہوگا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس کے تمام ملازمین، شہداء اور غازیوں کی ویلفیئر اور مالی امداد سے متعلقہ تمام رقوم کی ادائیگی بذریعہ آن لائن کی جائیگی ۔

ای پیپر-دی نیشن