مال روڈ پر احتجاج روکنے کیلئے درخواست، پنجاب حکومت کو جواب جمع کرانے کا حکم
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے مال روڈ پر جلسے جلوسوں، احتجاج روکنے اور سپیشل زون ایکٹ بنانے کے لیے دائر درخواست پر حکومت پنجاب نے جواب جمع کرانے کی مہلت کی استدعا پر سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب داخل کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ جسٹس جواد حسن نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی درخواست پر سماعت سوموار کو دوران سماعت درخواست گزار تنظیم کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالت نے احتجاج کے دوران شہریوں کی مشکلات کے لیے قانون بنانے کا حکم دیا تھا، عدالتی حکم کے باوجود پنجاب حکومت نے تاحال سپیشل زون ایکٹ نہیں بنایا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 9,14 اور پندرہ کے نفاذ کا معاملہ ہے، آئے روز احتجاج ہوتے رہتے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ شہریوں کے جان اور مال کی حفاظت حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ حکومت احتجاج کو مال روڈ پر مستقل روکنے کا حکم دے اور سپیشل زون ایکٹ بنا کر نافذ کرنے کا حکم دیا جائے۔