ایران کو ماہانہ 30 ہزار ٹن چاول بذریعہ ٹرین بھیجنے کا معاہدہ قریب ہے: سعد رفیق
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بذریعہ ٹرین ایران کو ہر ماہ 30 ہزار ٹن چاول بھیجنے کا معاہدہ تکمیل کے قریب ہے۔ لاہور میں خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں قراقرم ایکسپریس‘ کراچی ایکسپریس اور پاک بزنس ایکسپریس کو 120 دن میں اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ خیبر میل اور جعفر ایکسپریس کو بھی بہتر مینٹیننس کی جائے گی۔ جاری اعلامیے کے مطابق ڈرائی پورٹس آمدن کو 2 ارب روپے تک لے جانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ برک برج کی بحالی پر پیش رفت کا جائزہ لینے کا کہا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ سبی اور تفتان ریلوے سٹیشنز کی اپ گریڈیشن کیلئے پلان تیار کیا جائے۔ کوئٹہ اور زاہدان کے درمیان فریٹ سفری دورانیہ میں کمی کیلئے حکمت عملی بھی تیار کرنے کا کہا گیا ہے۔