• news

یوم شہداء سانحہ چیئرنگ کراس کی برسی‘تقریبات‘خراج عقیدت پیش


لاہور(نامہ نگار)یوم شہداء پولیس سانحہ چیئرنگ کراس مال روڈ کی چھٹی برسی سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ پولیس افسران کی طرف سے سانحہ مال روڈ کی چھٹی برسی کے موقع پر شہداء پولیس کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔سی ٹی او لاہور کیپٹن(ر)مستنصر فیروز نے ایس پی ٹریفک سہیل فاضل،ایس پی شہزاد خاں کے ہمراہ کیولری گراؤنڈ قبرستان میں شہید ڈی آئی جی کیپٹن(ر) سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دی۔ شہید ڈی آئی جی کیپٹن(ر) سید احمد مبین کی والدہ بھی دیگر عزیز و اقارب کے ہمراہ اپنے شہید لخت جگر کی قبر پر تشریف لائیں۔ کیپٹن(ر)مستنصر فیروز نے شہید ڈی آئی جی کیپٹن (ر) احمد مبین کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔سربراہ لاہور پولیس بلال صدیقی کمیانہ نے پیغام میں کہا کہ یومِ شہدا چیئرنگ کراس پنجاب پولیس کے بہادر شہیدوں سے تجدید عہد کا دن ہے۔لاہور انویسٹی گیشن ونگ کے شہداء کے ورثاء کی انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز آمد ہوئی۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سہیل سکھیرا نے ورثاء سے ملاقات کی اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود بھی موجود تھیں۔ملاقات کرنے والوں میں سب انسپکٹر غلام جعفر، اے ایس آئی اکرم،گلفام شہزاد، اور اے ایس آئی محمد امین، کانسٹیبل محمد افضل، پرویز احمد اور کانسٹیبل رحمت علی کے ورثاء شامل تھے۔سہیل سکھیرا نے اہل خانہ سے سہولیات سمیت دیگر مسائل بارے دریافت کیا۔

ای پیپر-دی نیشن