پٹرول کی سپلائی رواں رکھنے کیلئے ہیلپ لائن کا آغاز کردیا:طارق وزیر علی
لاہور(کامرس رپورٹر ) آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین طارق وزیر علی نے پٹرول کی سپلائی رواں رکھنے کیلئے ہیلپ لائن کا آغاز کردیا۔ ایسوسی ایشن نے ضلعی سطح پر ویجیلینس کمیٹی بنا ئی جو شکایات پر کام کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ پریس کانفرنس میں طارق وزیر علی نے کہا کہ حال ہی میں ہونے والی مصنوعی قلت پر قابو پا لیا گیا ہے۔ پہلے ہی کہا تھا کہ کوئی قلت نہیں۔ وفاقی وزیر مصدق ملک، چیئرمن اوگراکے شکر گزار ہیں جنکے بروقت ایکشن نے ذخیرہ اندوزی ختم کرنے میں مدد کی جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے 10 فیصد سپلائی بڑھا کر قلت پر قابو پایا۔ حکومت سے اپیل کرتے ہوئے طارق وزیر علی کا کہنا تھا کہ حکومت ایکسچینج ریٹ اور ڈالر کی قیمت کا فرق کا معاملہ بھی حل کرے۔ ایل سیز کا بھی مسئلہ ہے جسے بہتر طور پر حل ہونے چائیے۔ ایسوسی ایشن، اوگرا، انتظامیہ سب ایک پیج پر ہیں۔ہمارا مقصد ملک میں تیل کی سپلائی بحال رکھنا ہے۔ پٹرول کی سپلائی کو رواں دواں رکھنے کیلئے ہیلپ لائن کا آغاز کر ہے ہیں۔ عوام پٹرول نا دینے والے پٹرول پمپ اور کمپنیوں کے خلاف واٹس ایپ شکایت درج کرا سکیں گے۔ اسی مقصد کیلئے ضلعی سطح پر ویجیلینس کمیٹی بنا دی ہے جو شکایات پر کام کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔
اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیم اور ضلعی ٹیموں کے ساتھ ملکر ذخیرہ اندوزی کے خلاف کام کریں گے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں گاڑیوں کی ڈپو سے پمپ تک رسائی یقینی بنائیں اور ذمہ داری بھی اٹھائیں۔ریفائنریوں سے گذارش ہے کہ چھوٹی کمپنیوں کو بھی تیل فراہم کریں۔ چیف کوآرڈینیٹر ندیم مرزا نے کہا کہ عوام واٹس ایپ نمبر پر کال کر کے ذخیرہ اندوزوں کی نشاندھی کریں۔