توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ
فیصل آباد (آئی این پی)ملک میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے نیپرا نے کچرے سے بجلی کی پیداوار شروع کرنے اور کچرے کو استعمال میں لانے کا منصوبہ بنا لیا ہے، اس حوالے سے نیپرا نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) سے جون تک حتمی لائحہ عمل مانگ لیا ہے۔ذرا ئع کے مطابق نیپرا کی جانب سے توانائی بحران پر قابو پانے کے علاوہ ماحول و صاف بنانے کا مشن بھی زیر غور ہے، اسی لئے این ٹی ڈی سی سے30جون تک تفصیلات طلب کی گئی ہیں، این ٹی ڈی سی وفاقی وصوبائی اداروں سے معلومات حاصل کرے۔فیصل آباد سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میں کچرے کے ڈھیر اور اسپتالوں کا فضلہ مہلک بیماریوں کا باعث بن رہا ہے، منصوبے کے مطابق کوڑے کرکٹ کو جدید طریقے سے ری سائیکل کرکے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے ساتھ سستی بجلی بھی بنائی جا سکتی ہے۔
یہ تمام مراحل طے کیسے ہوں گے، نیپرا نے این ٹی ڈی سی کو ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے وفاقی و صوبائی اداروں اور آزاد کشیمر حکومت سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کو کچرے سے بجلی پیداوار کا کوٹہ طے کرنے اور اس کی نیشنل گرڈ میں شمولیت کا ٹاسک بھی سونپا گیا ہے