شما لی وزیرستان : سا تھی چھڑانے کیلئے سی ٹی ڈی سے جھڑپ کالعدم ، ٹی ٹی پی کے 7دہشتگرد ہلاک
پشاور/ شمالی وزیرستان (این این آئی) شمالی وزیرستان میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے میں زیر حراست 3 ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ سے کالعدم تنظیم کے 4 دہشتگرد بھی مارے گئے۔ سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گزشتہ رات آپریشن ٹیم دہشتگردوںکو میران شاہ سے بنوں منتقل کر رہی تھی کہ میر علی بائی پاس پر سکواڈ پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ اہم نوعیت کے دہشت گرد ملزموں کو بنوں منتقل کیا جا رہا تھا کہ دہشت گردوں نے آپریشن ٹیم کو آتشیں اسلحے سے نشانہ بنایا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے زیر حراست تینوں ملزم موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے 5 سے 6 ساتھی رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت ارشاد اللہ، عبدالرحمٰن اور مہر دین کے نام سے ہوئی۔ البتہ ایک دہشت گرد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سی ٹی ڈی کو متعدد سنگین دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب تھے۔ اس کے علاوہ وہ سکیورٹی فورسز اور پولیس پر ہینڈ گرنیڈ حملوں، ٹارگٹ کلنگ سمیت تھانہ کینٹ پر دستی بم حملے اور کانسٹیبل افتخار کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔ چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تھا، جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز اور مقامی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔