• news

کا بینہ نے نئے نام ترکیہ ، شام زلزلہ متا ثرین فنڈ کی منظوری دیدی 


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) کابینہ نے ترکیہ زلزلہ متاثرین فنڈ کا نام ترکیہ اور شام زلزلہ متاثرین فنڈ رکھنے کی منظوری دی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں مشیر وزیراعظم احد چیمہ کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترک صدر اور شام کے وزیراعظم سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے جس میں، میں نے اْنہیں یقین دلایا کہ پاکستان متاثرہ بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے امدادی سامان جن میں خیمے، کمبل، گرم کپڑے اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں ترکیہ اور شام کے لیے روانہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مزید سامان بھی روانہ کیا جارہا ہے۔ پاکستان کی فضائیہ، ریسکیو اہلکار، این جی اوز اور مخیر حضرات امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ وفاقی کابینہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بھرپور کوشش کررہی ہے کہ غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔ مزید برآں وزیراعظم نے واضح ہدایت کی کہ روزمرہ استعمال کی ایسی اشیاء جو غریب اور متوسط طبقہ استعمال کرتا ہے پر کوئی اضافی ٹیکس عائد نہ کیا جائے اور لگژری آئٹمز پر ٹیکس بڑھانے کے لیے مناسب اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومتی سطح پر بڑے پیمانے پر سادگی اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانا ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کا کفایت شعاری پیکج تیاری کے آخری مراحل میں ہے جس کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔ عمل درآمد پر لازم ہوگا تب ہی ہم اس معاشی مشکل سے نکل سکتے ہیں۔ اجلاس میںگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے قائم کیے گئے ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 10 فروری 2023 اور13 فروری 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز  کے9 فروری 2023 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

ای پیپر-دی نیشن