تعلقات کی بحالی‘ امریکی محکمہ خارجہ کا وفد رواں ہفتے پاکستان آئے گا
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی محکمہ خارجہ کا وفد دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے سلسلے میں رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ برطانوی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بحالی کی کوششوں میں امریکی وفد رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ امریکا اور پاکستان کے درمیان سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں تعلقات میں تناؤ پیدا ہوا، تاہم تعلقات کی بحالی کے لیے امریکی محکمہ خارجہ کے قونصلر ڈیریک شولے کی سربراہی میں وفد رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وفد 14 (آج) سے 18 فروری تک بنگلہ دیش اور پاکستان کا دورہ کرے گا جہاں وہ سرکاری حکام، سول سوسائٹی کے ارکان اور کاروباری برادری سے ملاقاتیں کرے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ وفد دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کرے گا۔ محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی اور پاکستانی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اقتصادی روابط اور تعاون ایجنڈے میں شامل ہوگا۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے عمران خان کو وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا تھا، تاہم ان کے دورِ حکومت میں امریکا سے تعلقات تناؤ کا شکار رہے۔