عمران نے نیب کو مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کیلئے استعمال کیا: سیف کھوکھر
لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ عوام کو امریکی غلامی سے نجات دلانے کا دعویدار فتنہ خان خود امریکہ کی جھولی میں بیٹھ کر ملکی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے ، اور ہر بات پر یوٹرن لے رہا ہے، پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز قوم کو عمران خان اور اسکے حواریوں کی حقیقت سے روشنا کرارہی ہیں۔قوم کو معلوم ہونا چاہیے کہ انکے ٹیکس کے پیسوں کو کس بے دردی سے پنکی اور گوگی نے لوٹا ہے، دوسروں کو چور چور کہنے والافتنہ خان پنکی پیرنی کے کارنامے عوام کے سامنے لائے۔کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ابھی چند حقائق قوم کے سامنے آئے ہیں مزید جلد آئیں گے۔عمران خان نے نیب کو اپنے مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کیلئے استعمال کیا آج تمام وہ جھوٹے کیسز باری باری ختم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے لوگوں کے نوے نوے دن کے جسمانی ریمانڈ بھگتے لیکن کوئی رویا نہیں ،تحریک انصاف سیاسی جماعتوں نے بلکہ چوروں اور بزدلوں کا ٹولہ ہے جس نے پہلے ملک کو لوٹا اب رو رہے ہیں۔