بلاول سے سپیکر آئیوری کوسٹ اسمبلی ‘ ہنگری کے سفیر‘ڈی جی اٹامک انرجی کی ملاقاتیں
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے آئیوری کوسٹ کی قومی اسمبلی کے سپیکر اڈامہ بکٹوگو کی ملاقات۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خا رجہ میں ہونے والی ملاقات میں باہمی مفاد پر مبنی کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پارلیمانی روابط، او آئی سی، افریقہ یونین اور تجارتی شعبے میں تعاون پر بھی بات ہوئی۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے کہا پاکستان آئیوری کوسٹ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان آئیوری کوسٹ کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ آئیوری کوسٹ کے سپیکر نے بہترین میزبانی پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میں ہنگری کے سفیر بیلافیزیکاس کی ملاقات۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں پاکستان اور ہنگری کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں مزید اضافے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان ہنگری کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے پناہ اہمیت دیتا ہے۔
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی ٹی آئی اور ٹی ایل پی سمیت مختلف آزاد امیدواروں نے ملاقات کے بعد پی پی پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد این اے 78 نارووال سے ٹی ایل پی رہنما راشد محمود خان، میانوالی این اے 96 سے آزاد امیدوار رانا عزیزالرحمان، بھکر سے پی ٹی آئی کے سابق ضلعی صدر، سابق تحصیل ناظم بھکر اور این اے 97 کے ٹکٹ ہولڈر ملک امجد کھاوڑ، این اے 93 خوشاب کے آزاد امیدوار محمد علی سانول، پی پی 82 خوشاب سے ٹی ایل پی کے امیدوار ڈاکٹر ناصر خان اعوان،پی پی 82 خوشاب سے آزاد امیدوار محمد صغیر اعوان اور پی پی 48 بھکر سے آزاد امیدوار ملک انذر علی کھاوڑ، تلہ گنگ سے سابق سٹی ناظم قاضی محمد الطاف، میانوالی پپلاں سے پی ٹی آئی رہنما ایم تاج اعوان اور بھکر سے ملک سلیم رضا کھاوڑ، ٹی ایل پی رہنما رانا صفدر دلشاد اور ضلع بھکر کی تحصیل دریا خان کے سابق ناظم ملک نذر عباس کھاوڑ، پی پی پی رہنما نواب آف کالاباغ ملک وحید کے صاحبزادے ملک امیر محمد خان نے بھی شمولیت کے بعد ملاقات کی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مختلف سیاسی جماعتوں سے پی پی پی میں شمولیت اختیار کرنے والے رہنماؤں کو خوش آمدید کہا۔اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ قمرزمان کائرہ، فیصل کریم کنڈی، رانا فاروق سعید، حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، فیصل میر، آصف بھاگٹ، سجاد الحسن، جمیل منج، ندیم کائرہ،احمد جواد فاروق رانا ودیگر بھی موجود تھے۔