بھارت: دوسرے روز بھی بی بی سی دفا تر پر چھا پے ، اپوزیشن کی مذمت: آزادی صحافت کی حامی : امریکہ
نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف دستاویزی فلم چلانے پر بھارت میں بی بی سی کے دفاتر پر چھاپوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیکس حکام نے دفاتر پرکارروائیاں کیں جہاں رات بھر نئی دہلی اور ممبئی میں واقع بی بی سی کے دفاتر میں سرچ آپریشنز کیے گئے۔ بی بی سی نے اپنے ملازمین کو بذریعہ ای میل کچھ ہدایات جاری کی ہیں جن میں انہیں گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جب کہ ملازمین کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ذاتی آمدن بتانے سے بھی گریز کریں۔ ای میل میں کہا ہے ملازمین سے ان کی تنخواہوں کے بارے میں سوالات کیے جاسکتے ہیں جس حوالے سے وہ حکام سے مکمل طور پر تعاون کریں۔ لیکن ذاتی آمدن سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کیا جائے۔ دوسری جانب انتقامی کارروائیوں پر بھارت کی اپوزیشن جماعتوں نے شدید مذمت کی ہے جب کہ امریکا کا کہنا ہے کہ وہ ان تمام کارروائیوں سے واقف ہے تاہم فوری طور پر اس حوالے سے کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکتے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا امریکہ دنیا بھر میں آزاد صحافت کی حمایت کرتا ہے۔