بجلی ،گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ہے:ضیاء الدین انصاری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کو عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ہے۔ ملک میں مہنگائی سے متعلق تمام فیصلے آئی ایم ایف کی مرضی سے کیے جا رہے ہیں اور عام آدمی کو مہنگائی کے ذریعے زندہ درگور کیا جارہاہے۔ا ن خیالات کااظہار انہوں نے پی پی 166میں ورکر کنونشن اور اہل علاقہ کیلئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں امیر العظیم، محمد جاوید قصوری،عامر نثار خان، چوہدری عبد القیوم گجر، امیر غربی لاہور عبدالعزیز عابد، غلام حسین بلوچ سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔ ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے قوم کو تبدیلی اور مدینہ کی ریاست کے نام پر دھوکہ دیا ہے اورپی ڈی ایم نے عوام کو ریلیف اور مہنگائی کے خاتمے کے نام پر دھوکہ دیا ہے۔ قوم جماعت اسلامی کی باصلاحیت اور پڑھی لکھی قیادت کا ساتھ دے تو ملک و قوم کو بحرانوں اور چور لیٹروں سے نجات دلائیں گے۔ ایسی فلاحی ریاست قائم کریں گے جہاں قرآن و سنت کانظام ہوگا ۔پورے ملک میں عدل وانصاف اور قانون کی حکمرانی قائم کریں گے۔