اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کا ایک قابل فخر اثاثہ ہیں:سید خادم عباس
لاہور(نیوزرپورٹر)کمشنر پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمشن سید خادم عباس اور کمشنر فیصل آبادڈویژن صلوت سعید کی زیر صدارت اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے حل کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقادکیا گیا۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر او پی سی سید خادم عباس نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کا ایک قابل فخر اثاثہ ہیں اور ان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کی شکایات کو اولین ترجیحات پر حل کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے زیر التواء کیسوں کی سماعت اور ان کے جلد حل کیلئے وضع کردہ میکانزم اور اقدامات بارے امور زیر بحث آئے۔اس موقع پر کمشنر فیصل آباد ڈویژن صلوت سعید نے کمشنر او پی سی پنجاب خادم عباس کو ڈویژن فیصل آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کی پیشرفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ چاروں اضلاع میں تارکین وطن کی رہنمائی کیلئے ون ونڈ ڈیسک بنایا جائے گئے۔ کمشنر او پی سی پنجاب خادم عباس نے زیرالتواء کیسز کو ترجیجی بنیادوں پر نمٹانے کی تاکید کی اور کہا کہ ایک ماہ بعد دوبارہ اجلاس کا انعقاد کیا جائے۔ بیرون ممالک مقیم پاکستانی دن رات ایک کر کے اپنے ملک کی بہتری کے لیے کام کرتے ہیں۔ ان کی محنت کی وجہ سے وطن عزیز کی معیشت میں بہتری آتی ہے۔اس موقع پر کمشنر فیصل آباد ڈویڑن صلوت سعید نے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کو جلدسے جلدحل کیئے جانے اور انھیں ہر ممکن ریلیف دینے کیلئے انتظامی و پولیس افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب او پی سی مرزا نصیر عنایت، ڈائریکٹر پولیس میٹرز امتیاز احمد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر پر اسیکیوشن سہیل ظفرسمیت ڈویڑن بھر کے انتظامی و پولیس افسران نے شرکت کی۔