شہری کے اندھے قتل میں بیوی ملوث نکلی ‘ملزمہ ‘2شوٹرز گرفتار
لاہور(نامہ نگار)ہربنس پورہ میں شہری شاہد رشید کے اندھے قتل کی واردات کا ڈراپ سین،بیوی ہی شوہر کی قاتل نکلی، بیوی نے اپنے کزن آشنا کے ساتھ مل کر شوٹروں کو پیسے دے کر خاوند کو قتل کرایا تھا۔پولیس نے ملزمہ سمیرا سمیت دو شوٹرز کو گرفتار کر لیا ہے۔ گزشتہ ماہ کے آغاز میں ہربنس پورہ کے علاقہ میں ایک کلینک پر بیٹھے شہری شاہد رشید کو نامعلوم شوٹرز نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے تھے۔ انوسٹی گیشن ہربنس پورہ نے موقع واردات کے ارد گرد کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شوٹرز کی شناخت کی اور تفتیش کو موثر انداز میں کرتے ہوئے مقتول شاہد رشید کی بیوی سمیرا کے سعودیہ میں مقیم عاشق تک پہنچ گئی۔جہاں قتل کا راز فاش ہو گیا ۔ ہربنس پورہ میں کلینک پر قتل ہونے والے شاہد رشید کی بیوی سمیرا کے اپنے سعودیہ مقیم عاشق اور کزن راشد کیساتھ ناجائز تعلقات تھے اور وہ جب بھی پاکستان آتا دونوں مقتول شاہد رشید سے چھپ کر ملتے تھے جس کا شاہد رشید کو شک ہو گیا تھا جس پر سمیرا نے اپنے کزن راشد سے مل کر شوٹرز کے ذریعے شاہد رشید کو قتل کروانے کا منصوبہ بنایا اور عابد عرف پپو وغیرہ کو 13 لاکھ روپے میں مقتول شاہد رشید کے قتل کے کئے 3 لاکھ روپے ایڈوانس دئیے جس پر شوٹرز عابد حسین اور نقاش نے ہومیو پیتھک کلینک میں بیٹھے شاہد رشید کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ ایس پی کینٹ انوسٹی گیشن اخلاق احمد کی سربراہی میں اے ایس پی ایاز انچارج انوسٹی گیشن رضوان اور نعیم نے موثر تفتیش کے باعث ملزمان کو ٹریس کیا اور ملزمہ سمیرا سمیت دو شوٹرز عابد عرف پپو اور نقاش کو گرفتار کر لیا ہے۔