لواحقین کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا: آئی جی جیل خانہ جات
لاہور(خبرنگار)آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشر احمد خاں کا قیدیوں کیساتھ ساتھ انکے لواحقین کیلئے بھی احسن اقدام،آئی جی جیل خانہ جات نے تمام سپرٹینڈنٹ جیل کو ہدایت کی ہے کہ قیدیوں کے لواحقین جب ملاقات پر آئیں تو انھیں انتظار کی زحمت سے بچایا جائے ۔ریجنل ڈی آئی جیز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ جیلوں کے اچانک دورے کر کے ان ہدایات پر عمل درآمد کی یقینی بنائیں،آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشر احمد خاں کا جیل افسران و ملازمین کو اپنی ڈیوٹی خوش اسلوبی سے ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ قیدیوں اور انکے لواحقین کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔قیدیوں سے دور دراز علاقوں سے ملاقات کیلئے آنے والے شہریوں کا صبح 8 بجے اندراج کر کے 9 بجے تک ملاقات کا سلسلہ شروع کیا جائے تاکہ وہ جلد از جلد ملاقات کر کے وقت پر اپنے گھروں کو لوٹ سکیں قیدیوں سے انکے لواحقین کی ملاقات کا عمل کسی صورت بھی تاخیر کا شکار نہ ہو۔