انٹر پول کی مدد سے دبئی سے بیرون ملک مفرور 2اشتہاری گرفتار
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے اندرون ملک و بیرون ملک اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں گرینڈ آپریشن جاری ہے اور اس حوالے سے پولیس ٹیم نے بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پہلی بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ پنجاب پولیس گوجرانوالہ کی ٹیم نے قتل و اقدام قتل کی دو مختلف بیہمانہ وارداتوں میں ملوث اشتہاری ملزمان علی حسنین اور محمد وحید نیاز کو دبئی سے انٹرپول کی مدد سے گرفتار کر لیا ہے اور پولیس ٹیم دونوں خطرناک اشتہاری ملزموں کو دبئی سے لے کر پاکستان پہنچ گئی ہے۔ ملزم علی حسنین کے خلاف تھانہ علی پور چھٹہ گوجرانوالہ میں قتل اور دیگر دفعات کے تحت کا مقدمہ درج ہے جبکہ ملزم محمد وحید نیاز کے خلاف قتل و اقدام قتل سمیت سنگین دفعات کے تحت تھانہ سٹی بورے والہ ضلع وہاڑی میں مقدمات درج ہیں۔