پنجاب فوڈ اتھارٹی :لاہور میں 75 فیصد دودھ استعمال کیلئے غیر محفوظ قرار
لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دودھ کے معیار اور حفاظت سے متعلق ملک گیر سروے کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جو 11 فروری 2023 کو جوہر ٹاﺅن لاہور میں منعقد ہو ئی۔لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کھلے دودھ کے گھریلو نمونے جمع کرنے کے حالیہ سروے میں 75 فیصد نمونے محفوظ حدود سے زیادہ افلاٹوکسن کی وجہ سے غیر محفوظ پائے گئے۔ 68 فیصد نمونے کوالٹی کے پیرامیٹرز اور دیگر معیارات پر پورے نہیں اترے۔ اس تحقیق کا مقصد گھریلو صارفین کے زیر استعمال کھلے دودھ کے معیار کا تعین کرنا، مختلف ذرائع سے حاصل کردہ دودھ میں ملاوٹ کی جانچ پڑتال کرنااور لاہور میں دستیاب دودھ میں افلاٹوکسن اور اینٹی بائیوٹک کی سطح کا پتہ لگانا تھا۔
اس تحقیق میں دودھ کے معیار کے پیرامیٹرز، ملاوٹ، افلاٹوکسنز، اور اینٹی بائیوٹکس کا جائزہ شامل کیا گیا جو صارفین سے جمع کیے گئے۔اس مقصد کیلئے لاہور شہر کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں نمونے لیے گئے اور مختلف ذرائع سے حاصل کردہ دودھ کا تجزیہ سائنسی بنیادوں پر کیا گیا۔ یہ تحقیق پی ایف اے کے 115 ایمبسڈرز کے ذریعے کی گئی جو کہ ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے خصوصی تربیت یافتہ تھے۔