پاکستان سے کھیلنے کی خواہش،توقعات نہیں:شعیب ملک
لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور کراچی کنگز کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہاہے کہ پاکستان ٹیم کی جرسی پہننے کا دل تو اب بھی چاہتا ہے لیکن توقعات کسی سے نہیں رکھیں۔ عمر سے کچھ نہیں ہوتا، پلیئر فٹ ہو اور پرفارم کر رہا ہو تو کوئی حرج نہیں، جوکووچ بھی 35 سال کی عمر میں گرینڈ سلیم جیتتا رہا ، شاہ رخ خان بھی اس عمر میں گولڈ لگ رہے۔41 سالہ شعیب ملک نے کہا کہ جب ریٹائر ہوں گا ایک ہی بار ہوں گا ، خواہش ہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 15 ہزار رنز مکمل کروں، ابھی کرکٹ انجوائے کر رہا ہوں لیکن بور ہونے لگا تو خود چھوڑ دوں گا۔ فوکس صرف ٹی ٹونٹی پر ہے، ٹیسٹ اور ون ڈے سے وہ پہلے ہی ریٹائرڈ ہوچکے ہیں۔ پاکستان کھیلنے کی خواہش ہے لیکن توقعات نہیں رکھ رہے کیونکہ توقع رکھ کر کچھ نہ ملے تو دل دکھتا ہے۔وہ کسی کو کچھ ثابت نہیں کرنا چاہتے بس اپنی کرکٹ انجوائے کر رہے ہیں۔زلمی کے خلاف کافی زبردست مقابلہ ہوا، پی ایس ایل کے آغاز میں دو اچھے میچ ہوئے جو لیگ کیلئے اچھا ہے۔ افسوس ہے کہ میچ کو قریب لاکر فنش نہ کرسکے لیکن آئندہ اگر ایسی صورتحال ہوئی تو میچ ضرور فنش کریں گے۔ افتخار احمد کیرئیر کی بہترین فارم میں ہیں، میں سلیکٹرز سے درخواست کرتاہوں کہ انہیں پاکستان کی ون ڈے ٹیم میں شامل کریں وہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کے دوران وہ ٹیم کے اہم رکن ہوسکتے ہیں۔ ون ڈے ورلڈ کپ ابھی قریب ہے اور میں نے انہیں کھیلتے ہوئے دیکھا ہے، وہ واقعی اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ جس پوزیشن پر وہ کھیلتے ہیں، ون ڈے میں ان جیسے بیٹر کی ضرورت ہے۔ طویل فارمیٹس میں واپسی کا ارادہ نہیں ہے تاہم مختصر فارمیٹ کھیل کر لطف اندوز ہورہا ہوں۔
ٹی20 فارمیٹ میں دستیاب ہوں اور میرا کام کارکردگی دکھانا ہے۔