پی ایس ایل میچ میں آج بچوںکے کینسر سے آگاہی کا دن منایا جائیگا
لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ 8 میں 16 فروری کو بچوں کے کینسر سے آگاہی کے دن کے طور پر منایا جائےگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سماجی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے دن منانے کی روایت کو برقرار رکھا گیا ہے ، کل کراچی میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا، اس میچ میں پی سی بی کینسر سے متاثرہ بچوں کی فیملیز سے اظہار یکجہتی کرےگا۔پی سی بی کے مطابق میچ میں دو کینسر سے متاثرہ اور پانچ کینسر سے صحتیاب ہونے والے بچوں کی فیملیز کو دعوت دی جا ئےگی، دونوں ٹیموں کے کپتان دستخط شدہ شرٹس انہیں پیش کریں گے ، میچ کے دوران کھلاڑی گولڈن کیپس اور گولڈن ربنز پہنیں گے۔ کمنٹیٹرز گولڈن ربنز پہن کر کمنٹری کے دوران کینسر سے آگاہی کے پیغامات دیں گے، میچ کی سٹمپس بھی گولڈن میں برینڈ کی جائیں گی، پی سی بی مسلسل پانچویں برس یہ دن پی ایس ایل کے دوران منا رہا ہے۔