شہباز شریف ترکیہ پہنچ گئے،اردگان سے ملاقات،زلزلہ میں نقصان پر افسوس:بھر پور حمایت کا اعلان
انقرہ (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف ترک زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی اور زلزلہ زدہ علاقوں کے دورہ کیلئے انقرہ پہنچ گئے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کی طرح زلزلہ کی تباہ کاریوں اور انسانی جانوں کے ضیاع کے درد اور کرب کو محسوس کیا ہے، ترکیہ میں زلزلہ متاثرہ آخری شخص کی مکمل بحالی تک پاکستان کے عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے جبکہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی مدد پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انقرہ ہوائی اڈے پر اعلی ترک حکام اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ ترکیہ کے صدر جب طیب اردگان نے صدارتی محل میں وزیراعظم شہبازشریف کا استقبال کیا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے خصوصی طیارے نے ترکیہ کے انقرہ ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کے نقصان کو اپنا نقصان سمجھتے ہیں، وقت کا تقاضا ہے عالمی برادری مشکل کا شکار انسانیت کی مدد کیلئے آگے آئے، ترکیہ اور شام میں زلزلہ کے نقصانات سے نمٹنا کسی ایک حکومت کی استعداد سے کہیں زیادہ ہے۔ جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف قیامت خیز زلزلے پر اظہار تعزیت اور یکجہتی کے لیے ترکیہ چلے گئے ہیں۔ روانگی سے قبل انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کے پیغام کے ساتھ ترکیہ جا رہا ہوں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دو ریاستوں میں رہنے والی ایک قوم کے جذبے کے تحت ہم ترکیہ کے نقصان کو اپنا نقصان سمجھتے ہیں۔ اپنی ایک اور ٹویٹ میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ترکیہ اور شام میں زلزلہ کے نقصانات سے نمٹنا کسی ایک حکومت کی استعداد سے کہیں زیادہ ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے کے طور پر قدرتی آفات کسی ایک حکومت کی ہینڈل کرنے کی صلاحیت سے باہر ہیں، کوئی بھی ملک خواہ کتنے ہی وسائل رکھتا ہو، اس شدت کی تباہی سے نمٹ نہیں سکتا، یہ وقت ہے کہ دنیا آگے آئے اور دکھی انسانیت کی مدد کرے۔ جبکہ وزیراعظم نے صدر اردگان سے زلزلے سے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم ترکیہ کے بہن بھائیوں کو مشکل وقت میں اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ وزیراعظم پاکستان نے بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
شہباز شریف