مشکل حالات‘ ناخوشگوار فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں: احسن اقبال
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو مشکل حالات اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ قومی وحدت، سیاسی استحکام اور پالیسی کے تسلسل سے حالات بدل سکتے ہیں۔حالات کے پیش نظر ناخوشگوار فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سی ای او کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاماحولیاتی تبدیلی کے باعث 30 ارب ڈالر کا نقصان اٹھایا ،گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت معاہدہ کیا پھر اس کے برخلاف عمل کیا جس کی وجہ سے پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے کے سامنے اعتماد کے بحران کا سامنا ہے ۔دریں اثنا ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنی زیر صدارت ترکی میں پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی ترسیل اور زلزلہ زدگان کی بحالی کے لئے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام آزمائش کی ان گھڑیوں میں ترک زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تمام تر مالی مشکلات کے باوجود ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں میں بڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے این ڈی ایم اے کوہدایت جاری کی کہ وہ امدادی سامان کی ترسیل کو تیز کرے۔ تاکہ متاثرین تک بروقت سامان پہنچایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے بڑے کاروباری حضرات اور ادارے بالخصوص ملک کے تمام چیمبرز آف کامرس ترکی میں زلزلہ متاثرین کی امداد میں آگے بڑھ کر حصہ لیں۔
احسن اقبال