مسجد الحرام کے مضافات میں شجر کاری مہم کا آغاز
مکہ مکرمہ (اے پی پی)سعودی عرب میں حرمین انتظامیہ نے متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام کے مضافات میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ۔ سعودی اخبار کے مطابق حرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے گرین سعودی عرب انشیٹو کے تحت شجرکاری پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے۔ انتظامیہ نے کہا کہ مسجد الحرام میں شجرکاری پروگرام کے لیے متعدد ضوابط طے کیے گئے ہیں۔پہلی کوشش یہ ہے کہ درخت اور پودے موزوں مقامات پر لگائے جائیں۔دوسرا اس بات کا خیال رکھا جارہا ہے کہ ایسے درخت اور پودے لگائے جائیں جن کی جڑیں گہری نہ ہوں۔تیسرا ضابطہ جس کی پابندی کی جارہی ہے وہ یہ ہے کہ درخت اور پودے عمرہ زائرین کی راہداریوں سے دور لگائے جائیں۔حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شجرکاری مہم کثیر المقاصد ہے۔ اس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی، فضائی آلودگی کو کنٹرول کیا جائے گا جبکہ مسجد الحرام کے صحنوں میں آب و ہوا خوشگوار ہوگی اور آکسیجن کی مقدار بڑھے گی۔