پی ڈی ایم اتحادی حکومت عوام کیلئے موت بن گئی ہے:لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، سیاسی انتخابی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت عوام کیلئے موت بن گئی ہے۔ پٹرول، ڈیزل، بجلی، گیس، سیمنٹ، سریا کی قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافہ عوام کو زندہ درگور کردے گا اور صنعت، تعمیراتی سرگرمیوں کا پہیہ جام ہوجائے گا۔ قومی کمیشن ضرور بننا چاہیے جو پی ٹی آئی اور اتحادی حکومت کی اقتصادی تباہ کاری کے ذمہ داروں کا تعین کرے۔ اقتصادی نظام اسی ڈگر پر چلتا رہا تو ملک ڈیفالٹ ہوگا۔ آزادی، خودمختاری اور ایٹمی صلاحیت کو بھی سنجیدہ خطرات لاحق ہوجائیں گے۔ افراط زر میں اضافہ، روپے کی بے قدری، سٹاک ایکسچینج میں روزانہ اربوں روپے ڈوب جانا خطرناک اور خوفناک مستقبل کی نشاندہی کررہے ہیں۔ مسلم لیگ، پی پی پی کو کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ ملک و ملت پر یکطرفہ تباہی مسلط کریں۔ ملک و ملت کی تباہی کے یہ ذمہ دار اب تسلیم کرلیں کہ حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں۔ قومی قیادت ڈائیلاگ کریں۔ اقتصادی بحران پر قومی کانفرنس ناگزیر ہے ورنہ عوام کا ردعمل مایوسی سے بڑھ کر خونی اور انتقامی راہ پر چل پڑے گا۔ لیاقت بلوچ نے کراچییں فلسطین فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن اور خطہ میں پائیدار ترقی کیلئے ضروری ہے کہ طویل مدت سے زیرالتوا مسئلہ فلسطین و مسئلہ کشمیر حل کیے جائیں۔لیاقت بلوچ نے ایران، ملائیشیا، یمن، انڈونیشیا، روس اور مراکش کے قونصلیٹ جنرلز سے ملاقات کی اور کشمیر و فلسطین پر ان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔