• news

بیرسٹر اظفر علی ناصر کا ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کے ہمراہ جامعہ اشرفیہ لاہور کا دورہ


لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر اوقاف بیرسٹر اظفر علی ناصر نے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کے ہمراہ ملک کے معروف دینی ادارہ جامعہ اشرفیہ لاہور کا دورہ کیا اور مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، حافظ اسعد عبید، پروفیسر مولانا محمد یوسف خان،حافظ اجود عبید،مولانا زبیر حسن اور مولانا مجیب الرحمن سے ملاقات کی۔ اس موقعہ پرصوبائی وزیر اوقاف بیرسٹر اظفر علی نے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی اور دیگر علماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ اشرفیہ لاہور جیسے ادارہ میں آکر دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید عصری تعلیم شعبہ حفظ، کمپیوٹر سیکشن و کمپیوٹر لیب، لائبریری، شعبہ دارالافتائ، معہد ام القراء جدیداور دیگر شعبہ جات کو دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے۔ اللہ رب العزت اسے مزید ترقی و کامیابی عطافرمائے۔ہماری خوش قسمتی ہے کہ جامعہ اشرفیہ لاہور جیسے عظیم علمی و دینی ادارے وطن عزیز میں موجود ہیں اور آج اسے دیکھنے کا شرف حاصل ہوا۔جامعہ اشرفیہ لاہور کی قیام امن، فرقہ واریت کے خاتمہ، اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے خدمات اور دینی طلباء کی بہترین تعلیم و تربیت قابل فخراور لائق تحسین ہے۔ اس موقعہ پر جامعہ اشرفیہ لاہور کی طرف سے حافظ اسعد عبید نے صوبائی وزیر اوقاف بیرسٹر اظفر علی ناصر اور سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کو اعزازی شیلڈ دیں۔

ای پیپر-دی نیشن