• news

پاکستان میں کھیلنا چیلنج ‘کوشش ہوگی اسلام آباد ٹائٹل جیتے : رسائی وینڈر ڈوسین 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل جنوبی افریقی کرکٹر رسائی وینڈر ڈوسین نے کہا ہے پاکستان میں کھیلنا چیلنج ہے اور اس چیلنج کیلئے کافی پرجوش ہوں۔ پاکستان سپر لیگ 8میں ٹیموں کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں کافی سخت مقابلہ ہوگا۔ خوشی ہے کہ وہ بالآخر پاکستان سپر لیگ کھیل رہے ہیں ۔  انہیں پاکستان پسند ہے اور یہاں کے لوگ کافی مہمان نواز ہیں۔ اسلام آباد کی ٹیم جارح مزاج کرکٹ کھیلتی ہے، ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اسلام آباد کے برانڈ آف کرکٹ کے سانچے میں خود کو ڈھالیں، ٹیم کیلئے تسلسل کیساتھ پرفارم کریں۔ کوشش ہوگی  ایسی کارکردگی دکھائیں جس سے ٹیم کو فائدہ ہو۔ مقابلہ سخت ہوگا‘کوشش ہوگی اسلام آباد ٹائٹل جیتے ۔ پی ایس ایل میں تمام ٹیمیں مضبوط ہیں، یہ نہیں کہا جاسکتا کہ کون سی ٹیم زیادہ اچھی ہوگی، ہر ٹیم کے پاس بہتر سے بہتر بائولنگ اٹیک ہے اور اس صورتحال میں یہ لیگ بیٹرز کیلئے کافی چیلنجنگ ہوگی۔ وہ پی ایس ایل کو ہمیشہ فالو کرتے رہے ہیں، دیگر پلیئرز سے بھی لیگ کے بارے میں بات ہوئی اور ہر کسی نے اس کو اعلی معیار کی لیگ قرار دیا، یہاں ہر ٹیم کے پاس ایسے بائولرز ہیں جو تسلسل کیساتھ 140کی رفتار سے بائولنگ کرسکتے ہیں، ٹاپ کلاس سپنرز اور اچھے بیٹرز بھی ہیں، اس ٹورنامنٹ میں کافی سخت مقابلہ ہونا ہے جس کی جھلک ابتدائی دو میچز میں نظر آچکی ہے۔ ماضی میں ہر لیگ کی چیمپئن ٹیم کے درمیان ہونے والا چیمپئنز لیگ زبردست ٹورنامنٹ تھا، اگر ایسا ٹورنامنٹ دوبارہ ہوا تو مزہ آئیگا، دنیا بھر کی لیگز کھیل کر پلیئرز کو فائدہ ہوتا ہے مگر ہر پلیئر کی ترجیح انٹرنیشنل کرکٹ ہی ہوتی ہے کیونکہ ہر کوئی اپنے ملک کیلئے کھیلنا چاہتا ہے، ضروری ہے کہ لیگ اور انٹرنیشنل کرکٹ میں توازن برقرار رہے۔

ای پیپر-دی نیشن