الیکشن کمشن اپنا کام آ ئین اور اپنے مینڈیٹ کے مطا بق انجام دے رہا ہے : ترجمان
اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن روزانہ کی بنیاد پر چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے تشکیل کردہ بینچوں کے ذریعے اب تک سینکڑوں پٹیشنز کا فیصلہ کر چکا ہے۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق الیکشن کمشن ایک آئینی ادارہ ہے اور اپنا کام آئین، قانون اور اپنے مینڈیٹ کے مطابق خوش اسلوبی سے انجام دے رہا ہے۔ اور اس کے علاوہ کوئی اور کام نہ کررہا ہے اور نہ ہی کسی سے Direction ہدایات لے رہا ہے۔ کمشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مینڈیٹ کے مطابق مکمل غیر جانبدارانہ، بلا خوف وخطر اور آزادانہ طور پر انجا م دیتا ہے اور تمام معزز ممبران کی طرف سے اٹھائے گئے آئینی حلف کے مطابق غیر جانبداری اور شفافیت کے ساتھ صرف وہی امور سرانجام دیتا ہے جو آئین نے تفویض کئے ہیں۔ کمشن نے پچھلے عرصے میں جو کام سرانجام دیئے ہیں ان میں مدت ختم ہونے کے بعد سینٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کا کامیاب انعقاد، سینٹ کے 5، نیشنل اسمبلی کے 19اور صوبائی اسمبلیوں کے 40 حلقہ جات پر ضمنی انتخابات کا پرامن انعقاد یقینی بنایا اور اب بھی 65نیشنل اسمبلی کے حلقہ جات پر انتخابات ہو رہے ہیں۔ پورے ملک میں 2021-22 میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کا انعقاد بااحسن طریقے سے مکمل کیا گیا۔ خیبر پختونخوا کے تمام سطحوں کے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ صرف مکمل کیا گیا بلکہ ان کے انعقاد کے دوران ایسے اقدامات اٹھائے گئے جس سے ووٹرز اور عملے کو مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی ۔ اور تمام سٹیک ہولڈرز نے ان انتخابات کی شفافیت کو سراہا۔ کمیشن نے 2022 میں بلوچستان اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کو شدید نامصائب حالات اور مشکلات کے باوجود یقینی بنایا۔ عام انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں کا کام جوکہ ایک بہت بڑی مشق تھی کو کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ انتخابی فہرستوں کو نئے سرے سے مرتب کرنا بہت بڑا کام تھا۔ کمیشن نے انتخابی فہرستوں پر ملک بھر میں نظر ثانی کروائی جوکہ 7اکتوبر 2022 کو شائع کر دی گئیں۔ انتخابی فہرستیں آئندہ عام انتخابات کے لئے Update کر دی گئی ہیں۔ جس میں اب تک کے تمام اہل ووٹران کے نام کے اندارج کو یقینی بنایا گیا ہے۔