• news

مریم نواز اپنے والد کی عدلیہ مخالف مہم کو آگے بڑھا رہی ہیں: پرویزالٰہی


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی  سبطین خان‘ سابق ارکان اسمبلی راجہ بشارت اور ساجد خان بھٹی نے ملاقات کی۔ ڈاکٹر زین بھٹی‘ شیخ شہکاز اسلم‘ کرنل (ر) شبیر‘ بشیر اے طاہر اور پرویز شاہد بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور ملکی معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے (ن) لیگ کی منظم طورپر عدلیہ مخالف مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ مریم نواز کی قیادت میں ایک بار عدلیہ پر حملہ آور ہے۔ مریم نواز اپنے والد کی عدلیہ مخالف روایت کو ہی آگے بڑھا رہی ہیں۔ اب معزز جج صاحبان کے فون ٹیپ کئے جا رہے ہیں۔ رانا ثناء اللہ حکومتی وسائل عدلیہ کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ نوازشریف اور شہبازشریف کے کہنے پر مریم نواز اور ان کا پراپیگنڈا سیل عدلیہ کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کا آڈیو ڈرامہ بری طرح فلاپ ہو چکا ہے۔ کچھ نیا سوچیں‘ ججز کی آڈیو مریم نواز کی سرپرستی میں چلنے والے میڈیا سیل نے لیک کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ایک وقت آئے گا کہ پی ڈی ایم کی تیرہ جماعتوں کے پاس صرف تیرہ ووٹ ہوں گے۔ پنجاب کے الیکشن میں تاخیر کرنے والے قانونی نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہیں۔ الیکشن سے بھاگنے والے اب پاکستان سے بھی بھاگیں گے۔ غربت‘ مہنگائی اور بیروزگاری کے مارے عوام اپنا غصہ الیکشن والے دن اتاریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن