• news

دہشتگردی کی روک تھام کیلئے پاکستان کیساتھ ، معاشی مسئلہ کوئی ملک تنہا حل نہیں کر سکتا: امریکہ 


اسلام آباد (این این آئی) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کے لیے جو کچھ کرسکتے ہیں وہ کررہے ہیں  لیکن بالآخر آپ پر ہی منحصر ہے کہ آپ کیا کرتے ہیں۔ نجی یونیورسٹی میں طالب علموں سے خطاب میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ منگلا ڈیم پر نصب ٹربائنز 60  کی دہائی میں نصب کی گئی تھیں، ہم منگلا ڈیم میں نصب تمام ٹربائنز کو جدید ٹربائنز سے بدل رہے ہیں۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے پاکستان و جنوبی ایشیا الزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کا مرکز عوام ہیں، امریکا پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے، اس وقت دنیا بھر میں ایک معاشی مسئلہ چل رہا ہے اور معاشی مسئلہ کوئی ایک ملک تنہا حل نہیں کرسکتا۔ الزبتھ ہورسٹ نے کہاکہ افغانستان میں رجیم کی تبدیلی اور کابل پر قبضے کے بعد پاکستان نے افغانوں کے لیے کھلے دل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان ایک عرصے سے افغان مہاجرین کی کھلے دل سے میزبانی کررہا ہے، پاکستان دہشتگردی سے متاثرہ ملک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور مسجد میں ہونے والا ہولناک واقعہ بہت تکلیف دہ تھا، دہشتگردی سے نمٹنا صرف پاکستان اور امریکا کا نہیں عالمی برادری کا مسئلہ ہے، امریکا دہشتگردی کی روک تھام کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

ای پیپر-دی نیشن