• news

ملک  اور عوام کے مسا ئل حل کرنے کی تا ریخ دہرا ئیں گے : مریم نواز 


لاہور (نیوز رپورٹر) مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک اور عوام کے مسائل حل کرنے کی اپنی تاریخ پھر دہرائیں گے۔ دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے پارٹی پرچم تھامے رکھنے والے راہنما اور کارکن ہمارے سر کا تاج ہیں۔ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا اور پنجاب اسمبلی کے سابق ارکان نے ملاقات کی۔ سیف الملوک کھوکھر، خواجہ عمران نذیر اور خواتین ونگ لاہور کی صدر سعدیہ تیمور بھی موجود تھے۔ پارٹی کی تنظیم سازی اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی کے امور زیر غور آئے۔ سوشل میڈیا اور یوتھ  ونگز کو یونین کونسل کی سطح تک منظم کرنے کی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی اور آئندہ الیکشن کی تاریخ، مسائل کی نشاندہی اور ان کے جلد از جلد حل کی حکمت عملی مرتب کی گئی۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے تمام حلقوں کے لئے شماریاتی کوڈ، یونین کونسل، اور پھر صوبائی لیول پر تنظیم سازی کے لئے آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ تمام عہدیدار اور ایم پی ایز ایک ہفتے تک یہ کام مکمل کریں۔ پارٹی کی ازسرنو تنظیم کو منظم کرنے کو ایک تحریک کا نام دیا جائے گا۔ اور اس تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے دن رات محنت کرنے اور پارٹی کو مضبوط  بنانے کے ٹاسک کے لئے کام، کام اور کام کے نظریے پہ عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن