• news

حکمرانوں کی جائیدادیں نیلام کر کے لوٹی رقوم وصول کی جائیں: سراج الحق


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غربت مہنگائی ، بے روزگاری ملک پر مسلط لٹیروں اور مفت خوروں کی وجہ سے ہے، جتنے قرضے لئے گئے، حکمرانوں نے کھائے، ان کی جائیدادیں نیلام کرکے ادا کئے جائیں۔ وزیروں، مشیروں، بیوروکریسی کے استعمال میں پانچ لاکھ گاڑیوں کو مفت پٹرول ، غریب پونے تین سو کا لیٹر خریدتا ہے۔ پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی پر مشتمل ٹرائیکا نے قوم کو آئی ایم ایف اور امریکہ کا غلام بنایا، پاکستان 23کروڑ عوام کا، فیصلے واشنگٹن میں ہوتے ہیں۔ ن لیگ کی نائب صدر کہتی ہیں کہ یہ ان کی حکومت نہیں، قوم سے اس سے بڑا مذاق کیا ہوگا، سودی معیشت کا خاتمہ کریں گے، سول سروس کا امتحان انگریزی کے ساتھ اردو زبان میں ہوگا، نوجوانوں میں سرکاری زمین تقسیم کریں گے، بچیوں کی معیاری تعلیم کا انتظام کریں گے اور عدالتوں میں قرآن کا نظام لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیوال میں عوامی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر ضلع طیب بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جلسے میں خواتین ، بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھے۔ کنونشن میں مہنگائی ، بے روزگاری اور آئی ایم ایف اور امریکی غلامی کے خلاف بھرپور نعرے بازی ہوئی۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت عوام پر ٹیکسز کا بوجھ ڈالنے کی بجائے اپنے اخرات کم کرے اور پروٹوکول کلچر کا خاتمہ کرے ، بڑے جاگیرداروں ،بڑے صنعت کاروں اور ریئل اسٹیٹ پر ٹیکس نافذ کرے، اوورسیز پاکستانیوںکا اعتماد بحال ہوجائے تو سالانہ ترسیلات زر 50ارب ڈالر تک جاسکتی ہے، انکم ٹیکس کے ساتھ زکوٰۃ لاگوکی جائے ،25لاکھ لوگ انکم ٹیکس دیتے ہیں، ساڑھے سات کروڑ زکوٰۃ دے سکتے ہیں۔ جی ایس ٹی میں اضافہ نہیں، آمدن پر ٹیکس لگائے جائیں ،ممبران پارلیمنٹ ،بیوروکریسی کو مفت پٹرول کی سہولت بند کی جائے ، اگر عام شہری پونے تین سو روپے لیٹر پیڑول خریدتا ہے تو ارب پتی مفت خورے کیوں نہیں، معیشت کو اسلامی بنایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن