منی بجٹ انتہائی ظالمانہ اور سفاکانہ ہے : مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر ، درجنوں کتابوں کے مصنف ، معروف دینی سکالر جامع محمدی اہلحدیث سنت نگر فردوس پارک کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا ہے کہ منی بجٹ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مہنگائی کی ایک اور لہر لے آیا ہے۔ غریب ابھی پہلی لہر سے ہی سنبھل نہیں پاکے کہ ایک دوسری شدید باری لگ گئی۔ اب تو کوئی بھی دن ملک کیلئے اچھی خبر نہیں لا رہا۔ لگتا ہے حکمرانوں کو غریب آدمی کی زندگی کے معاملات سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ دس گیارہ مہینوں میں عوام کو کوئی اچھی خبر یا ریلیف نہیں ملا۔ قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود ہم منگتے بنے ہوئے ہیں۔ حکمران طبقہ ہر سہولت اور آسائش سے زندگی گزار رہا ہے جو عوام کے ٹیکسوں کی بدولت ہے یہ سب جانتے ہیں کہ حکمران طبقہ کو جب ٹیکسوں سے مراعات اور سہولیات نہ ملیں تو بیرونی قرضوں کی عادت ڈالی گئی اور یوں ہم مقروض سے مقروض ہوتے گئے ہیں اور خود کو بے شمار سہولتوں سے آراستہ کر لیا اور غریب جو تمام ٹیکس دیتا ہے وہ مشکل ترین حالات سے دوچار ہے۔ ہمارے غیر مستحکم معاشی نظام میں اصلاحات کی بہت ضرورت ہے۔