• news

گورنر سندھ کی ملا قات ، اختلافات بھا لؤکر دہشتدرسی کیخلاف متحدہ ہونا ہو گا : محسن نقوی 


لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔  محسن نقوی نے کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ کراچی پولیس، رینجرز اور پاک فوج نے بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔ شہداء قوم کے ہیرو ہیں۔ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر متحد ہونا ہو گا۔ مٹھی بھر عناصر امن کو تباہ نہیں کر سکتے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اتحاد اور اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔ دوسری جانب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی  کے اجلاس میں سیف سٹیز اتھارٹی کے ایک ارب 42کروڑ روپے کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ لاہو ر میں 500نئے مقامات پر کیمروں کی تنصیب کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے پولیس کمیونیکشن آفیسر کے سروس سٹرکچراورپے پیکیج پر غور کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے  کہا کہ پی ایس ایل کی مانیٹرنگ کیلئے راولپنڈی اور ملتان کے کیمروں کو سیف سٹی لاہور سے منسلک کیا گیا ہے۔  550 خصوصی کیمروں سے پی ایس ایل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ پی ایس ایل میچوں کیلئے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے بہترین ٹریفک پلان دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی بحالی کیلئے تیز تر اقدامات کئے جائیں۔ علاوہ ازیں  محسن نقوی نے کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کے دوران شہید ہونے والے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاک وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔

ای پیپر-دی نیشن