کراچی پولیس آفس پر دہشتگرد حمہ قا بل مذمت پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ، امریکہ
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ کراچی پولیس آفس پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ نیڈ پرائس نے دہشت گردی میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت بھی کیا۔ دوسری جانب کراچی پولیس آفس حملے کے بعد امریکہ نے اپنے شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں متاثرہ علاقے میں جانے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کر دی۔ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے کہا کہ ہم امریکی شہریوں کو ہدایت کرتے ہیں کہ وہ زیادہ احتیاط برتیں۔ متاثرہ علاقے میں جانے سے گریز کریں۔ دوستوں اور اہل خان کو اپنی حفاظت کے بارے میں مطلع کریں۔ دریں اثناء ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم اس دہشت گردانہ حملے میںپاکستانی عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تشدد جواب نہیں ہے اور اسے رکنا چاہئے‘ حملے میں زخمی اور ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ سے گہری تعزیت کرتے ہیں۔