• news

زراعت کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے سے ترقی کا  آغاز ہوگا: احسن اقبال


فیصل آباد‘ اسلام آباد (نمائندگان خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ زراعت کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ اب سے غذائی خودکفالت  اور تخفیف غربت کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے مرکز برائے اعلیٰ تعلیم آڈیٹوریم میں ڈینز اور ڈائریکٹر سے خطاب کے دوران کیا۔ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے زرعی مسائل کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا حکومت یونیورسٹیوں کے مابین تحقیق کا مقابلہ کرنے عزم رکھتی ہے تا کہ ٹھوس تحقیقات کو فروغ دیتے ہوئے کاشتکاروں انڈسٹری اور معاشرے کے مسائل پر قابو پایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام نیشنل لیگ آف یونیورسٹی اور پریمیئر لیگ آف یونیورسٹیز کے قیام پر بھی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ پریمیئر لیگ کے تحت، پاکستان کی اچھی کارکردگی دکھانے والی یونیورسٹیوں کو دنیا کی بہترین 100 جامعات کی فہرست میںمقام حاصل کرنے اور علمی معیشت کے لیے ایک محرک قوت بنانے کے لئے منتخب کیا جائے گا۔موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے زراعت کو بہت نقصان پہنچا ہے اور ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کو متعارف کروانا ہو گا۔ ہماری زرعی اجناس برآمد کے لیے موزوں عالمی ریگولیٹری فریم ورک سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ انہوں نے کہا کہ کیڑے مار ادویات کے زیادہ استعمال کی وجہ سے مضر صحت زرعی پھل اور سبزیاں اپنی افادیت کھو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آبادایم آر ایل لیب کے قیام کے لئے تجویز تیار کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سیڈ پراجیکٹ بیج کے مسئلے کو حل کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے سویابین اور گندم کے تجربات کا دورہ کیا اور جناح ہال کا افتتاح کیا۔

ای پیپر-دی نیشن